لفظ بپتِسمہ عبرانی کے لفظ "מִקְוֶה میکواہ اور قابوص כִבֶּ֨ס"کا ترجُمہ ہے میکواہ کا ترجُمہ اُردو بائبل میں غسل اور دیگر طہارت میں بھی اِستعمال ہوا ہے یہ خاص طور پر عورت کی ناپاکی کے بعد عورت کے غسل کے لئے بھی اِستعمال ہوا ہے روایات میں یہی لفظ بچوں کی پاکیزگی کے غسل کے لئے بھی اِستعمال ہوا ہے۔یہی لفظ ہیکل میں کاہنوں کے غسل کے لیے بھی اِستعمال کیا گیا ہے۔یہ یاد رہے کہ بپتِسمہ نئے عہدنامہ کی تعلیم نہیں ہے بلکہ یہ تعلیم شریعت کی ہے اِس کی تصدیق خُود پطرس رسُول کرتے ہیں اور وہ فرماتے ہیں کہ نُوح کے خاندان کو بچانے کا ذریعہ بپتِسمہ تھا۔
بپتِسمہ کیوں ضروری ہے اور یہ کِس چیز کی علامت ہے؟
1-پطرؔس 20:3 جو اُس اگلے زمانہ میں نافرمان تِھیں جب خُدا نُوح کے وقت میں تحمُّل کر کے ٹھہرا رہا تھا اور وہ کشتی تیّار ہو رہی تھی جِس پر سوار ہو کر تھوڑے سے آدمی یعنی آٹھ جانیں پانی کے وسِیلہ سے بچِیں۔ 21 اور اُسی پانی کا مُشابِہ بھی یعنی بپتِسمہ یِسُوع مسِیح کے جی اُٹھنے کے وسِیلہ سے اب تُمہیں بچاتا ہے۔ اُس سے جِسم کی نجاست کا دُور کرنا مُراد نہیں بلکہ خالِص نیّت سے خُدا کا طالِب ہونا مُراد ہے۔
بپتِسمہ سب سے پہلے آٹھ لوگوں کو دیا گیا ہے اِس بپتِسمے کی تصدیق خُود پطرس رسُول نے کی ہے۔
اس بپتِسمہ کی تاریخ دُوسرے مہینے کی سترہ تاریخ ہے۔
پَیدائش 11:7 نُوح کی عُمر کا چھ سَواں سال تھا کہ اُس کے دُوسرے مہِینے کی ٹِھیک سترھویں تارِیخ کو بڑے سمُندر کے سب سوتے پُھوٹ نِکلے اور آسمان کی کِھڑکِیاں کُھل گئیں۔ 12 اور چالِیس دِن اور چالِیس رات زمِین پر بارِش ہوتی رہی۔ 13 اُسی روز نُوح اور نُوح کے بیٹے سِم اور حام اور یافت اور نُوح کی بِیوی اور اُس کے بیٹوں کی تینوں بِیویاں۔
نمبر ایک۔یہ بپتِسمہ کشتی میں داخل ہونے کا بپتِسمہ بھی ہے۔کیونکہ پطرس رسُول نے صاف صاف کہا ہے کہ آٹھ لوگ کشتی پر سوار ہو کر پانی کے وسیلے سے بچائے گئے ہیں اور اِسی پانی کا مُشابہ بپتِسمہ ہے۔
بالکُل اِسی طرح ہیکل میں داخل ہونے کے لئے بھی بپتِسمہ دیا جاتا تھا۔
خرُوج 12:40 اور ہارُوؔن اور اُس کے بیٹوں کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر لا کر اُن کو پانی سے غُسل دِلانا۔ 13 اور ہارُوؔن کو مُقدّس لِباس پہنانا اور اُسے مَسح اور مُقدّس کرنا تاکہ وہ میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دے۔
اِسی اُصول کے تحت نئے عہد کے دور میں بپتِسمہ یہُشوعا ہامشیاخ میں داخل ہونے کے لئے دیا جاتا ہے کیونکہ یہُشوعا ہامشیاخ حقیقی ہیکل ہے۔
یُوحنّا 19:2 یِسُوؔع نے جواب میں اُن سے کہا اِس مَقدِس کو ڈھا دو تو مَیں اُسے تِین دِن میں کھڑا کر دُوں گا۔20 یہُودِیوں نے کہا چھیالِیس برس میں یہ مَقدِس بنا ہے اور کیا تُو اُسے تِین دِن میں کھڑا کر دے گا؟21 مگر اُس نے اپنے بدن کے مَقدِس کی بابت کہا تھا۔
یہُشوعا ہامشیاخ ہیکل ہے اور توراہ کے مُطابق ہیکل میں کاہن داخل ہونے کے لئے بپتِسمہ لیتے تھے اِسی لیے پالوس رسُول نے فرمایا ہے کہ۔
گلتِیوں 26:3 کیونکہ تُم سب اُس اِیمان کے وسِیلہ سے جو مسِیح یِسُوؔع میں ہے خُدا کے فرزند ہو۔ 27 اور تُم سب جِتنوں نے مسِیح میں شامِل ہونے کا بپتِسمہ لِیا مسِیح کو پہن لِیا۔
نمبر دو۔ عذاب سے بچنے کا بپتِسمہ۔
بپتِسمہ دُنیا پر آنے والے عذاب سے بچنے کے لیے بھی ہے،یُوحنا نبی نے بپتِسمہ دیتے ہوئے یہ فرمایا تھا کہ۔
متّی 7:3 مگر جب اُس نے بُہت سے فرِیسیِوں اور صدُوقِیوں کو بپتِسمہ کے لِئے اپنے پاس آتے دیکھا تو اُن سے کہا کہ اَے سانپ کے بچّو! تُم کو کِس نے جتا دِیا کہ آنے والے غضب سے بھاگو؟ 8 پس تَوبہ کے مُوافِق پَھل لاؤ۔
جیسے نُوح کے دنوں میں پانی دُنیا کو تباہ کرنے کے لیے عذاب تھا لیکن دُوسری طرف پطرس رسُول کے مُطابق یہی پانی عذاب سے بچنے کا واحد راستہ بھی ہے جو کہ بپتِسمہ کے مُشابِہ ٹھیرایا گیا ہے۔
نمبر تین۔
پانی کا مُشابِہ یعنی بپتِسمہ یہُشوعا ہامشیاخ کے جی اُٹھنے کے وسیلے سے ہمیں بچاتا ہے۔
1-پطرؔس 21:3 اور اُسی پانی کا مُشابِہ بھی یعنی بپتِسمہ یِسُوع مسِیح کے جی اُٹھنے کے وسِیلہ سے اب تُمہیں بچاتا ہے۔ اُس سے جِسم کی نجاست کا دُور کرنا مُراد نہیں بلکہ خالِص نیّت سے خُدا کا طالِب ہونا مُراد ہے۔
میں نے آپکو جیسا کہ سات مُہروں کے موضوع میں سیکھایا تھا کہ یہُشوعا ہامشیاخ ٹھیک پہلے مہینے کی سترہ تاریخ کے اختتام پر اور اٹھارہ تاریخ کی شروعات پر مُردوں میں سے جی اُٹھا تھا بالکُل اِسی طرح طوفان ٹھیک دُوسرے مہینے کی سترہ تاریخ کو آیا تھا آپ کو بائبل مُقدس میں سے یہ بھی سِکھا چُکا ہوں کہ دُوسرے مہینے کی چودہ تاریخ کو دُوسری بار فسح ہوتی ہے اور تین دِن شامل کرنے سے سترہ تاریخ بنتی ہے۔یاد رہے کہ یہُشوعا ہامشیاخ فسح سے ٹھیک تیسرے دِن مُردوں میں سے جی اُٹھا تھا۔ لہذا بپتِسمہ یہُشوعا ہامشیاخ کے مصلوب ہونے اور دفن ہونے اور جی اُٹھنے کی مُشابہت رکھتا ہے۔
رُومِیوں 3:6 کیا تُم نہیں جانتے کہ ہم جِتنوں نے مسِیح یِسُوؔع میں شامِل ہونے کا بپتِسمہ لِیا تو اُس کی مَوت میں شامِل ہونے کا بپتِسمہ لِیا؟ 4 پس مَوت میں شامِل ہونے کے بپتِسمہ کے وسِیلہ سے ہم اُس کے ساتھ دفن ہُوئے تاکہ جِس طرح مسِیح باپ کے جلال کے وسِیلہ سے مُردوں میں سے جِلایا گیا اُسی طرح ہم بھی نئی زِندگی میں چلیں۔5 کیونکہ جب ہم اُس کی مَوت کی مُشابہت سے اُس کے ساتھ پَیوستہ ہو گئے تو بیشک اُس کے جی اُٹھنے کی مُشابہت سے بھی اُس کے ساتھ پَیوستہ ہوں گے۔
اب موت اور جی اُٹھنے کی مُشابہت کُچھ یُوں ہے کہ یہُشوعا ہامشیاخ مٙرا اور دفن ہوا اور تِیسرے دِن جی اُٹھا۔تو آئیں ہم دیکھتے ہیں کہ کِس طرح بپتِسمہ یہُشوعا ہامشیاخ کے جی اُٹھنے کے ساتھ مُشابہت رکھتا ہے؟
یہُشوعا ہامشیاخ ٹھیک تیسرے دِن جی اُٹھا تھا اب لازمی ہے کہ ہر بپتِسمہ یافتہ تیسرے دِن زندہ ہو۔
1-کُرِنتھِیوں 22:15 اور جَیسے آدم میں سب مَرتے ہیں وَیسے ہی مسِیح میں سب زِندہ کِئے جائیں گے۔ 23 لیکن ہر ایک اپنی اپنی باری سے۔ پہلا پَھل مسِیح۔ پِھر مسِیح کے آنے پر اُس کے لوگ۔
یعنی یہُشوعا ہامشیاخ کے آنے پر یہُشوعا ہامشیاخ کے لوگ زندہ ہونگے، لہذا یہُشوعا ہامشیاخ کب تک آئے گا اور مُردوں کو زِندہ کِیا جائے گا؟
ہوسِیعَ 1:6 آؤ ہم خُداوند کی طرف رجُوع کریں کیونکہ اُسی نے پھاڑا ہے اور وُہی ہم کو شِفا بخشے گا۔ اُسی نے مارا ہے اور وُہی ہماری مرہم پٹّی کرے گا۔ 2 وہ دو روز کے بعد ہم کو حیاتِ تازہ بخشے گا اور تِیسرے روز اُٹھا کھڑا کرے گا اور ہم اُس کے حضُور زِندگی بسر کریں گے۔ 3 آؤ ہم دریافت کریں اور خُداوند کے عِرفان میں ترقّی کریں۔ اُس کا ظہُور صُبح کی مانِند یقِینی ہے اور وہ ہمارے پاس برسات کی مانِند یعنی آخِری برسات کی مانِند جو زمِین کو سیراب کرتی ہے آئے گا۔
یہُشوعا ہامشیاخ کا ظہور صُبح کی مانند ہوگا اور وہ دو روز کے بعد ہم کو حیاتِ تازہ بخشے گا اور تِیسرے روز اُٹھا کھڑا کرے گا اور ہم اُس کے حضُور زِندگی بسر کریں گے، ایماندار اِس لئے تِیسرے دِن جی اُٹھیں گے کیونکہ یہُشوعا ہامشیاخ خُود بھی تِیسرے دِن جی اُٹھا ہے اور بپتِسمہ لینے سے ہم اُس کے جی اُٹھنے کی مُشابہت رکھتے ہیں۔اِسی لئے یہُشوعا ہامشیاخ نے کہا کہ۔
لُوقا 32:13 اُس نے اُن سے کہا کہ جا کر اُس لومڑی سے کہہ دو کہ دیکھ مَیں آج اور کل بدرُوحوں کو نِکالتا اور شِفا بخشنے کا کام انجام دیتا رہُوں گا اور تِیسرے دِن کمال کو پہنچُوں گا۔ 33 مگر مُجھے آج اور کل اور پرسوں اپنی راہ پر چلنا ضرُور ہے کیونکہ مُمکِن نہیں کہ نبی یروشلِیم سے باہر ہلاک ہو۔
یہُشوعا ہامشیاخ دو روز شفا بخشنے کا کام کرئے گا یعنی دُنیا میں خدمت کا کام کرئے گا لیکن تِیسرے دِن ایمانداروں کو مُردوں میں سے زِندہ کرئے گا جیسے وہ خُود تِیسرے دِن مُردوں میں سے جی اُٹھا تھا۔
نمبر چار۔ بپتِسمہ بطورِ کاہنوں کی مخصوصیت بھی دیا جاتا تھا۔
خرُوج 12:40 اور ہارُوؔن اور اُس کے بیٹوں کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر لا کر اُن کو پانی سے غُسل دِلانا۔ 13 اور ہارُوؔن کو مُقدّس لِباس پہنانا اور اُسے مَسح اور مُقدّس کرنا تاکہ وہ میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دے۔ 14 اور اُس کے بیٹوں کو لا کر اُن کو کُرتے پہنانا۔ 15 اور جَیسے اُن کے باپ کو مَسح کرے وَیسے ہی اُن کو بھی مَسح کرنا تاکہ وہ میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں اور اُن کا مَسح ہونا اُن کے لِئے نسل در نسل ابدی کہانت کا نِشان ہو گا۔
اکثر یہ سوال کیا جاتا ہے کہ یہُشوعا ہامشیاخ کو بپتِسمہ کی کیا ضرورت تھی کیونکہ یہُشوعا ہامشیاخ تو پاک ذات ہے اور اُس میں گناہ نہیں ہے؟۔ بے شک یہُشوعا ہامشیاخ پاک ذات ہے لیکن بپتِسمہ صرف گناہوں سے توبہ کے لئے نہیں لیا جاتا ہے بلکہ ہیکل میں بپتِسمہ کاہنوں کو مخصوص کرنے کے وقت بھی دیا جاتا تھا۔
یہُشوعا ہامشیاخ ملکِ صدق کا کاہِن ہے۔
عِبرانیوں 11:9 لیکن جب مسِیح آیندہ کی اچھّی چِیزوں کا سردار کاہِن ہو کر آیا تو اُس بزُرگ تر اور کامِل تر خَیمہ کی راہ سے جو ہاتھوں کا بنا ہُؤا یعنی اِس دُنیا کا نہیں۔
یوحنا بپتسمہ دینے والے نے یہشوعا ہامشیاخ کو بپتسمہ صرف دو وجوہات کی بنا پر دیا تھا۔
نمبر ایک دریائے یردن پر بطورِ سردار کاہِن مخصوص ہونے کے لئے۔نمبر دو اسرائیل کا بادشاہ مخصوص ہونے کے لئے۔کیونکہ یہُشوعا ہامشیاخ ملکِ صدق کا سردار کاہِن ہے، ملک کا مطلب بادشاہ اور صدق کا مطلب راستباز ہے، یہُشوعا ہامشیاخ کو دونوں اعتبار سے بپتِسمہ دیا گیا تھا۔
کاہِن کو مخصوص کرنے کے بعد کہانت کا لباس پہنایا جاتا ہے شریعت کے تحت یہُشوعا ہامشیاخ پر رُوح القُدس بطور لباس اور بطور مسح کرنے والا تیل نازل ہوا ہے کیونکہ لوقا 49:24 میں رُوح القُدس کو بطورِ لباس متعارف کرایا گیا ہے۔
متّی 16:3 اور یِسُوؔع بپتِسمہ لے کر فی الفَور پانی کے پاس سے اُوپر گیا اور دیکھو اُس کے لِئے آسمان کُھل گیا اور اُس نے خُدا کے رُوح کو کبُوتر کی مانِند اُترتے اور اپنے اُوپر آتے دیکھا۔
یُوحنا صرف نبی ہی نہیں تھا بلکہ قبیلے اور خاندان کے اعتبار سے سردار کاہِن بھی تھا، یُوحنا بطور سردار کاہِن یہُشوعا ہامشیاخ کو کہانت کا چارج دیتا ہے کہ یہُشوعا ہامشیاخ اپنی کہانت کو جاری رکھیں لہذٰا یہشوعا ہامشیاخ ملک صدق کی کہانت کا سردار کاہِن ہے۔
لہذا بپتِسمہ لینے سے ہم شاہی کہانت کے فِرقے میں شامل ہوتے ہیں۔
1-پطرؔس 9:2 لیکن تُم ایک برگُزِیدہ نسل۔ شاہی کاہِنوں کا فِرقہ۔ مُقدّس قَوم اور اَیسی اُمّت ہو جو خُدا کی خاص مِلکِیّت ہے تاکہ اُس کی خُوبِیاں ظاہِر کرو جِس نے تُمہیں تارِیکی سے اپنی عجِیب رَوشنی میں بُلایا ہے۔ 10 پہلے تُم کوئی اُمّت نہ تھے مگر اب خُدا کی اُمّت ہو۔ تُم پر رحمت نہ ہُوئی تھی مگر اب تُم پر رحمت ہُوئی۔
نمبر پانچ۔
ہیکل میں بارہ بٙیلوں پر پانی کا حٙوض۔
2-توارِیخ 3:4 اور اُس کے نِیچے بَیلوں کی صُورتیں اُس کے گِرداگِرد دس دس ہاتھ تک تِھیں اور اُس بڑے حَوض کو چاروں طرف سے گھیرے ہُوئے تِھیں۔ یہ بَیل دو قطاروں میں تھے اور اُسی کے ساتھ ڈھالے گئے تھے۔ 4 اور وہ بارہ بَیلوں پر دھرا ہُؤا تھا۔ تِین کا رُخ شِمال کی طرف اور تِین کا رُخ مغرِب کی طرف اور تِین کا رُخ جنُوب کی طرف اور تِین کا رُخ مشرِق کی طرف تھا اور وہ بڑا حَوض اُن کے اُوپر تھا اور اُن سب کے پِچھلے اعضا اندر کے رُخ تھے۔ 5 اُس کی موٹائی چار اُنگل کی تھی اور اُس کا کنارہ پِیالے کے کنارے کی طرح اور سوسن کے پُھول سے مُشابِہ تھا۔ اُس میں تِین ہزار بت کی سمائی تھی۔
ہیکل میں حٙوض کی ترتیب اِس طرح بنائی گئی تھی جِس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ کہانتی غسل نبوتی ہے۔ دیکھیں یہ تصویر۔
بارہ بٙیل بارہ رسُولوں کی نمائندگی ہے اور اُن بارہ بٙیلوں کے منہ مشرِق، مغرِب اور جنُوب، شِمال کی جانب ہیں۔ان کے منہ کی سمت زمین کی چاروں طرف ہے یعنی یہ ساری دُنیا کی طرف اِشارہ ہے۔اِسی طرح بارہ رسُولوں کو بھی زمین کی چاروں طرف بھیجا گیا یعنی مشرِق، مغرِب اور شِمال،جنُوب کی جانب۔
مرقس 15:16 اور اُس نے اُن سے کہا کہ تُم تمام دُنیا میں جا کر ساری خلق کے سامنے اِنجِیل کی مُنادی کرو۔ 16 جو اِیمان لائے اور بپتِسمہ لے وہ نجات پائے گا اور جو اِیمان نہ لائے وہ مُجرِم ٹھہرایا جائے گا۔
بارہ رسُولوں نے پُوری دُنیا میں بپتِسمہ لینے کی تعلیم دی ہے اور یہ آج تک جاری ہے۔ یہ ہیکل میں بارہ بٙیلوں پر مُشتمل حٙوض کی طرح ہے۔
یہ بات صاف ہے کہ پانی سے دھونے سے یا نہانے سے نجات حاصل نہیں ہوتی ہے،اب آتی ہے باری نام کی اور کفارہ کی،بائبل مقدّس کی تعلیمات ایک جیسی ہے اور اس میں کوئی تضادات موجود نہیں ہے، لیکن بائبل میں یہ تعلیم ضرور لکھی گئی ہے کہ یہواہ نام لینے سے نجات ملے گی۔
یُوایل 32:2 اور جو کوئی خُداوند کا نام لے گا نجات پائے گا کیونکہ کوہِ صِیُّون اور یروشلیِم میں جَیسا خُداوند نے فرمایا ہے بچ نِکلنے والے ہوں گے اور باقی لوگوں میں وہ جِن کو خُداوند بُلاتا ہے۔
اس حوالے میں جہاں خداوند لکھا ہے وہاں عبرانی بائبل میں یہواہ لکھا ہے،اب اس آیت کا ترجمہ یوں ہوگا۔اور جو کوئی یہواہ نام لے گا نجات پائے گا۔
یعنی نجات کا دعویٰ یہواہ نام سے ہے۔
لیکن حیرت کی بات ہے کہ نئے عہد میں نجات کا دعویٰ یہشوعا نام سے ہے۔
اَعمال 12:4 اور کِسی دُوسرے کے وسِیلہ سے نجات نہیں کیونکہ آسمان کے تَلے آدمِیوں کو کوئی دُوسرا نام نہیں بخشا گیا جِس کے وسِیلہ سے ہم نجات پا سکیں۔
بات بہت صاف ہے کہ یہشوعا نام یہواہ خدا کا تجسمی نام ہے جس کا مطلب ہے یہواہ نجات ہے، یہشوعا نام یہواہ خدا کا نام ہے اس کا ثبوت یہ ہے کہ یہشوعا ہامشیاخ نے خود فرمایا ہے کہ مجھے باپ نے اپنا نام بخشا ہے۔
یُوحنّا 11:17 مَیں آگے کو دُنیا میں نہ ہُوں گا مگر یہ دُنیا میں ہیں اور مَیں تیرے پاس آتا ہُوں۔ اَے قُدُّوس باپ! اپنے اُس نام کے وسِیلہ سے جو تُو نے مُجھے بخشا ہے اُن کی حِفاظت کر تاکہ وہ ہماری طرح ایک ہوں۔
یہشوعا نام یہواہ خدا کا اپنا نام ہے جوکہ تجسم کی وجہ سے ہے، کیونکہ یہواہ خدا نے تجسم اختیار کر کے نجات دی ہے۔
اس کے علاؤہ یہواہ نام میں تجسم اور کفارہ کی پیشنگوئی پائی جاتی ہے۔
یہواہ نام کے چار حروف تہجی تصویر کچھ یوں ہے۔
י یود کی تصویر ہاتھ ہے،ה حے کی تصویر کھڑکی میں سے دیکھنے والا،ו واو کی تصویر کیل ہے ،ה حے کی تصویر پھر سے دیکھنا ہے۔
اس کے تصویری معنی مکمل یوں بنتے ہیں۔ہاتھ دیکھو کیل دیکھو۔
یعنی یہواہ نام میں تجسم اور کفارہ کی پیشنگوئی پائی جاتی ہے۔
ہاتھ انسانی جسم یعنی تجسم کی پیشنگوئی ہے،اور ہاتھ میں کیل دیکھنا یہ کفارہ کی پیشنگوئی ہے کیونکہ یہشوعا ہامشیاخ کے ہاتھوں میں کیل لگائے گئے تھے۔
کُلسِّیوں 14:2 اور حُکموں کی وہ دستاوِیز مِٹا ڈالی جو ہمارے نام پر اور ہمارے خِلاف تھی اور اُس کو صلِیب پر کِیلوں سے جَڑ کر سامنے سے ہٹا دِیا۔ 15 اُس نے حُکُومتوں اور اِختیاروں کو اپنے اُوپر سے اُتار کر اُن کا برملا تماشا بنایا اور صلِیب کے سبب سے اُن پر فتح یابی کا شادِیانہ بجایا۔
اس لیے بپتسمہ لازم طور پر یہشوعا نام سے دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے نجات پانے کا تصور بپتسمہ میں پایا جاتا ہے کیونکہ یہ بپتسمہ ایک ایسے نام سے دیا جاتا ہے جس کا مطلب ہی "یہواہ نجات ہے"اور اس کے تصویری معنی کفارہ کی پیشنگوئی کرتے ہیں۔
اس لکھا ہے کہ جو کوئی یہواہ نام لے گا نجات پائے گا،اور خاص طور پر یہ نام بپتسمہ دینے کے وقت لیا جاتا ہے اس لیے بپتسمہ کی رسم نجات حاصل کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
عورت کا میکواہ کس کے لیے ہوتا ہے؟
احبار 26:15 اور اِس جریانِ خُون کے کُل ایّام میں جِس جِس بِستر پر وہ سوئے گی وہ حَیض کے بِستر کی طرح ناپاک ہو گا اور جِس جِس چِیز پر وہ بَیٹھے گی وہ چِیز حَیض کی نجاست کی طرح ناپاک ہو گی۔ 27 اور جو کوئی اُن چِیزوں کو چُھوئے وہ ناپاک ہو گا۔ وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 28 اور جب وہ اپنے جریان سے شِفا پا جائے تو سات دِن گِنے۔ تب اِس کے بعد وہ پاک ٹھہرے گی۔ 29 اور آٹھویں دِن وہ دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے لے کر اُن کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کاہِن کے پاس لائے۔
ساتویں دن عورت پاک ٹھرتی ہے اور آٹھویں دن نذرانہ پیش کرتی ہے۔
جب تک عورت ناپاکی سے پاک ہونے کے لئے غسل نہیں کرلیتی تب تک اس کا شوہر اس کے قریب نہیں جاسکتا، غسل کرنے کے بعد وہ اپنے شوہر کے پاس جاسکتی ہے۔
یاد رہے کہ عورت اور مرد کا رشتہ بہت سے اپنے اندر بھید رکھتاہے۔
اِفِسیوں 25:5 اَے شَوہرو! اپنی بِیوِیوں سے مُحبّت رکھّو جَیسے مسِیح نے بھی کلِیسیا سے مُحبّت کر کے اپنے آپ کو اُس کے واسطے مَوت کے حوالہ کر دِیا۔ 26 تاکہ اُس کو کلام کے ساتھ پانی سے غُسل دے کر اور صاف کر کے مُقدّس بنائے۔ 27 اور ایک اَیسی جلال والی کلِیسیا بنا کر اپنے پاس حاضِر کرے جِس کے بدن میں داغ یا جُھرّی یا کوئی اَور اَیسی چِیز نہ ہو بلکہ پاک اور بے عَیب ہو۔ 28 اِسی طرح شَوہروں کو لازِم ہے کہ اپنی بِیوِیوں سے اپنے بدن کی مانِند مُحبّت رکھّیں۔ جو اپنی بِیوی سے مُحبّت رکھتا ہے وہ اپنے آپ سے مُحبّت رکھتا ہے۔ 29 کیونکہ کبھی کِسی نے اپنے جِسم سے دُشمنی نہیں کی بلکہ اُس کو پالتا اور پروَرِش کرتا ہے جَیسے کہ مسِیح کلِیسیا کو۔ 30 اِس لِئے کہ ہم اُس کے بدن کے عُضو ہیں۔ 31 اِسی سبب سے آدمی باپ سے اور ماں سے جُدا ہو کر اپنی بِیوی کے ساتھ رہے گا اور وہ دونوں ایک جِسم ہوں گے۔ 32 یہ بھید تو بڑا ہے لیکن مَیں مسِیح اور کلِیسیا کی بابت کہتا ہُوں۔
جس طرح سے عورت اپنے حیض کے ایام سے پاک ہونے کے بعد اپنے شوہر کے پاس جاسکتی ہے ویسے ہی کلیسیا جو کہ یہشوعا ہامشیاخ کی دلہن ہے یہشوعا نام سے بپتسمہ لے کر پاک ہوتی ہے اور کلام میں بحال ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ یہ سات دن تک کی ناپاکی سات ہزار سالہ دور کی تصویر کی عکاسی کرتے ہیں جس میں کلیسیا اپنے دلہا کے روبرو سامنے پیش ہوگی۔اور ساتواں ہزار سالہ دور ہزار سالہ بادشاہی ہے جس میں کلیسیا ہر لحاظ سے پاک ہے۔اور آٹھواں دن ابدی بادشاہی ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ عورت کی ناپاکی کے بعد عورت جو غسل کرتی ہے اس کو عبرانی زبان میں میکواہ کہتے ہیں جس کا اردو میں ترجمہ بپتسمہ ہے۔
سفیان بنیامین