بائیبل مقدس صاف تعلیم دیتی ہے کہ خداوند یسوع مسیح یہودیوں کے سیاسی قائد کی حیثیت سے تشریف نہیں لائے بلکہ آپ بنی نوع انسان کے گناہ کیلئے جان دینے اور یوں سارے عالم کے لئے نجات دہندہ بننے کے لئے تشریف لائے تھے لیکن جب تک یہ مقصد پورا نہ ہوا غیر اقوام کے لئے پیغام نجات ممکن نہ تھا۔ آپ نے اپنی خدمت کے مختصر عرصے میں عوام میں بیماروں کو شفا بخشتے وقت فرمایا کہ وہ آپ کی ان خدمات کی شہرت نہ کریں کیونکہ آپ اس بُری شہرت سے جس کے پیچھے دنیوی قائد دیوانے ہوتے ہیں پرہیز کرتے تھے۔ لیکن الہی انتظام کے مطابق صلیب پر آپ کی وفات اور دوبارہ جی اُٹھنے کے بعد نجات کا پیغام گمشدہ دنیا یعنی عام دنیا کے لئے عام ہو گیا۔ آپ کا فاتحانہ شان سے دوبارہ مُردوں میں سے جی اُٹھنا نہ صرف یہودیوں ہی کے لئے بلکہ کل عالم کے لئے ایک نیا پیغام تھا یہ صرف ایک مسیحی نظریہ نہیں ہے بلکہ بائبل مقدس کی تعلیم ہے۔
پُرانا عہد نامہ پیشنگوئی کرتا ہے "میں تجھ کو قوموں کے لئے نور بناؤں گا کہ تجھ سے میری نجات زمین کے کناروں تک پہنچے"۔ یسعیاہ 49:6
ایسی اور بھی بہت سی آیات ہیں خداتعالیٰ نے حضرت ابراہیم مدتوں پہلے یہ وعدہ فرمایا تھا کہ اُن کی اولاد کل دنیا کے لئے باعث برکت ہوگی۔ نیا عہد نامہ کی آیات ذیل میں خداوند یسوع مسیح کاسادہ حکم پایا جاتا ہے ۔ متی 27:18-20 ، مرقس 16:15، لوقا 24:48، یوحنا 20:21، اعمال 1:8، کا مقابلہ یوحنا 3:16 کے ساتھ کیجیے۔
رسولوں کے اعمال ابواب 8، 9 میں حصول نجات کی تین واضح مثالیں ملتی ہیں جن میں ہر ایک میں خدا تعالیٰ کا ہاتھ تھا۔
1۔ ترسُس کا ساؤل - یہودی - سم کی نسل سے
2۔ حبشی خوجہ - افریقی - حام کی نسل سے
3۔ کرنیلیس - رومی - یافت کی نسل سے
لہذا خدا تعالیٰ کی عین مرضی سے انجیل مقدس کی پہلی بشارت دنیا کی تین بڑی اقوام کے باشندگان یعنی ایشیا ، افریقہ اور یورپ میں ہوئی اور اس رویا میں جو یوحنا رسول کو بخشی گئی ذکر ہے کہ آسمان میں نجات یافتہ گنہگاروں کی بڑی تعداد خداوند یسوع مسیح کی تعریف میں ذیل کے الفاظ میں ایک نیا گیت گا رہی تھی۔ "تو نے زبح ہو کر اپنے ہاتھ سے ہر ایک قبیلہ اور ہر اہل زبان اور اُمت اور قوم میں سے خدا کے واسطے لوگوں کو خرید لیا۔ (مکاشفہ 5:9)
خداوند یسوع مسیح کے کلمہ مبارک سے زیادہ واضح اور کیا ہو سکتا ہے جب آپ فرماتے ہیں کہ موجودہ زمانہ کا اس وقت تک خاتمہ نہیں ہوگا جب تک کہ انجیل مقدس کی بشارت کُل اقوام عالم میں نہ ہو جائے۔ (مرقس 13:10)
یقینا یہ مختصر تبصرہ یہ ثابت کرنے کے لئے کافی ہے کہ جب مسیحی ہر شخص کو انجیل مقدس کا پیغام پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں تو صرف خداوند یسوع مسیح کے قطعی حکم کو بجا لارہے ہیں۔
by Zarish// posted 05 September 2024// پرچم بطور نامناسب // جواب // جواب منسوخ کریں